ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمٹہ: 19 کروڑ کی لاگت سے تیار ہوا پُل - کم نہیں ہوئیں عوام کی مشکلات!

کمٹہ: 19 کروڑ کی لاگت سے تیار ہوا پُل - کم نہیں ہوئیں عوام کی مشکلات!

Thu, 26 May 2022 13:26:25    S.O. News Service

کمٹہ،26؍ مئی (ایس او نیوز) کمٹہ کی اگناشینی ندی پر 19.18 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک پُل تعمیر کیا گیا ہے جو بوگری بیل ، اُپن کٹّے اور آئیگلے کوروے دیہاتوں کو شہر سے جوڑنے کا کام کرتا ہے ۔ مگر پُل کو جوڑنے والی سڑک اور ریامپ تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے عوام کی مشکلات ابھی تک کم نہیں ہوئیں اور برسات کے موسم میں انہیں بڑی مصیبت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

اہم بات یہ ہے کہ ٹھیکیدار اور افسران کی بے پروائی اور کوتاہی کی وجہ سے درپیش مشکل کو حل کرنے کی ایک کوشش خود گاوں والوں نے کی ہے ۔ انہوں نے اونچے پُل پر چڑھنے کے لئے سپاری کے درخت کے تنوں سے ایک عارضی سیڑھی بنالی ہے اور اس کے ذریعے پُل پر چڑھ کر ندی پار کر رہے ہیں ۔ لیکن اس میں بھی ایک مصیبت یہ ہوجاتی ہے کہ بارش دنوں میں یہ عارضی سیڑھی سیلابی پانی میں بہہ جاتی ہے اور گاوں والوں کو ندی پار کرنے کے لئے  پُل کے بجائے کشتیوں کا سہارا لینا پڑتا ہے ۔ موٹر بائک سوار گاوں سے پُل تک آنے کے بعد ایک درخت کے نیچے اپنی گاڑی پارک کرتے ہیں پھر عارضی سیڑھی کے ذریعے پُل پر چڑھ کر پیدل راستہ طے کرتے ہیں۔ 

مقامی عوام کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سال سے یہ 30 فٹ لمبا پُل تیار کھڑا ہے اور افتتاح کا انتظار کررہا ہے ۔ مگر اس کو جوڑنے والی سڑک ابھی تک تیار نہیں ہوئی ہے جبکہ سڑک بنانے کے  لئے گاوں کی زمین تحویل میں لینے اور معاوضہ ادا کرنے کا کام کب کا پورا ہوچکا ہے ۔ نتیجہ یہ ہوا ہے کہ کروڑوں روپے لاگت سے بنے  یہ منصوبہ ابھی تک عوام کو فائدہ پہنچانے کے قابل نہیں ہوا ہے۔

کمٹہ ایم ایل اے دینکر شیٹی کا کہنا ہے کہ سدارامیا کی قیادت والی ریاستی حکومت میں اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا مگر ایک مدت تک اس کے فنڈ جاری نہیں ہوا تھا ۔ میں نے بی جے پی حکومت سے اس کے لئے فنڈ مہیا کروایا ۔ ٹھیکیدار کی طرف سے کام میں تاخیر ہو رہی ہے ۔ میں نے یہ مسئلہ اسمبلی کے سابقہ سیشن میں بھی اٹھایا تھا ۔ متعقلہ وزیر نے بقیہ فنڈ ریلیز کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ جلد ہی یہ منصوبہ مکمل ہوجائے گا ۔ دوسری طرف ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن نے بتایا کہ اس کے لئے خصوصی فنڈ جاری کیا گیا ہے ۔ افسران نے مجھے بتایا ہے کہ جلد ہی یہ کام پورا ہوجائے گا۔  
 


Share: